پاکستان کی سیاسی جماعتیں اپنے منشور میں اظہار رائے کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم کریں: آر ایس ایف

  • جمعرات 28 / ستمبر / 2023

عالمی میڈیا واچ ڈاگ ’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ ( آر ایس ایف) نے پاکستان کے پریس کلبوں، صحافتی تنظیموں فریڈم نیٹ ورک اور دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر پاکستانی سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات کے لیے اپنے منشور میں اظہار رائے کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا وعدہ کریں۔

آر ایس ایف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات سے قبل پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات میں اضافہ سامنے آ رہا ہے اور اس حوالے سے صورتحال پہلے سے ذیادہ ابتر ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے پاکستانی سیاسی جماعتوں سے ایک اہم اپیل کا آغاز کیا ہے جس میں آزادی صحافت کے حق میں ٹھوس اقدامات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا کے خلاف جرائم میں حاصل استثنیٰ بہت زیادہ ہے جبکہ صحافیوں کے تحفظ کے معاملے پر اقوام متحدہ کے پلان آف ایکشن کے پائلٹ پروجیکٹ میں شامل پانچ ممالک میں پاکستان بھی شامل تھا۔

فریڈم نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 سالوں میں صحافیوں کے قتل کے 96 فیصد واقعات میں کوئی سزا نہیں ملی۔ میڈیا پریکٹیشنرز اور معاونین کے خلاف جرائم کے لیے استثنیٰ تشویشناک حد تک موجود ہے جوپیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے دوران صحافیوں کو خطرے میں ڈال دیتی ہے۔

آر ایس ایف کے مطابق اسی طرح پاکستان کے شہریوں کو ان کے معلومات تک رسائی کے اس حق سے محروم کر دیا جاتا ہے جس کی ملک کے 1973 کے آئین میں درج دو بنیادی حقوق کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کے ذریعے ضمانت دی گئی ہے۔