نوازشریف نے اپنے خلاف سازش کرنے والوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا: اسحٰق دار

  • ہفتہ 30 / ستمبر / 2023

سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے اپنے خلاف سازش کرنے والوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑا جس کے نتیجے میں ان کے خلاف سازش کرنے والے بے نقاب ہوگئے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کا لیڈر ہی اس کا بیانیہ طے کرتا ہے۔ میری سوچ ہو سکتی ہے، لوگوں کی سوچ ہوسکتی ہے لیکن دس بیانیے نہیں ہوتے بلکہ صرف لیڈر کا بیانیہ ہوتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے 2017 میں ہی کہہ دیا تھا کہ میں نے اپنے خلاف سازش کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کردیا، یہ ہے نواز شریف کی سوچ۔

انہوں نے کہا کہ دیکھیں کتنی جلدی ان کے خلاف سازش میں ملوث لوگوں کا کردار بے نقاب ہوا ہے۔ کیا کبھی اس طرح کے کردار اتنی جلدی بے نقاب ہوئے ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ نے ان کرداروں کو اتنی جلدی بے نقاب کیا ہے تو اللہ تعالیٰ ان کے بدلہ بھی دلوائیں گے۔ کوئی کہیں منہ چھپا رہا ہوتا ہے، کوئی کہیں سماجی تقریبات سے بھاگ رہا ہوتا ہے تو یہ سب کیا ہے، یہ سب اللہ تعالیٰ دکھا رہے ہیں۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ نواز شریف نے یہ معاملہ اللہ تعالی پر چھوڑا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ جتنے کم عرصے میں اس کا نتیجہ ملا ہے اور دنیا کو دکھا دیا گیا ہے کہ ان کے خلاف پورا کیس فراڈ تھا۔ نواز شریف کے خلاف زیادتی تھی، اس کا نقصان 24 کروڑ عوام نے بگھتا ہے، پاکستان نے بھگتا ہے۔ اس سازش کے باعث پاکستان کی ترقی کئی دہائیوں پیچھے چلی گئی ہے۔ 24ویں معیشت سے 47 ویں نمبر پر چلی گئی۔ یہ ایک جملہ بہت اہم ہے، یہ اس تمام تباہی کا خلاصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس دو راستے ہیں، یا تو آپ ملک کو ٹھیک کریں یا انتقام لیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ نواز شریف کی پوری توانیاں ماضی کی طرح قوم کی بہتری اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور اس کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہوں گی۔ ہماری کوشش ہے آئندہ الیکشن میں قوم نواز شریف کو بھاری اکثریت میں ووٹ ڈالے تاکہ ہم فیصلے کرسکیں لیکن اکثریت کے باوجود ہم دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔