بلوچستان دہشت گردی میں ’را‘ ملوث ہے: نگران وزیر داخلہ
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جتنے بھی بڑے واقعات ہوئے ہیں، ان سب میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے۔ ہم پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے جلوس میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں پولیس افسر سمیت 53 افراد جاں بحق اور درجنوں شہری زخمی ہوگئے تھے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ میں جو کہہ رہا ہوں کہ ہمیں پتا ہے۔ ہم نے دو تین سال میں دیکھا، نرمی کی پالیسی کے لیے ٹالرنس نہیں ہے۔ ہمیں پتا ہے کہ کہاں سے آپریٹ ہو رہا ہے۔ ضروری نہیں ہے کہ اس پلیٹ فارم سے بتایا جائے، ہم اسٹرائیک کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے بلوں میں جائیں گے، جن وہ بلوں میں پلتے ہیں، جو ان کے لیے محفوظ جگہیں ہیں۔ ہم ان کے خلاف جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد تنظیم کی ’منظم موجودگی‘ اس سے پہلے نہیں تھی۔ اب جو حملے ہو رہے ہیں، ظاہر ہے اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ بسا اوقات یہ ہوتا ہے کہ حملہ کوئی اور کرتا ہے لیکن قبول کوئی اور کرتا ہے۔ جو مرضی ہو، داعش، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) یا کوئی اور ہو، کسی بھی نام پر تشدد کر رہا ہے۔ ہم ان کے پیچھے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ کا جو واقعہ ہوا ہے، ہم نے اس کے ماسٹر مائنڈ کو مارا ہے۔ جو لوگ سہولت کاری کا کردار ادا کررہے ہیں، جو بھی کر رہا ہے، وہ کوئی بھی ہو، آپ اس کو جو بھی نام دے دیں، ہمارے لیے سب ایک ہی ہیں۔ سب کی نانی ایک ہے، سب کو ایک جگہ سے ہینڈل کیا جارہا ہے۔ ان سب کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ’ را’ ہے۔ اس سے پہلے جتنے بھی واقعات ہوئے ہیں ان میں را ملوث تھی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں جتنے بھی بڑے واقعات ہوئے ہیں، ان سب میں ’را‘ ملوث ہے۔ جو قوتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، ہم ان کے خلاف جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ ہم اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک جامع معائنہ کریں گے۔ اس طرح آپ نے دیکھا ہوگا کہ 12 ربیع الاول کے حوالے سے اس سے پہلے کوئی حملہ نہیں ہوا ہے، بلوچستان میں یہ پہلا حملہ ہے، جو 12 ربیع الاول کے حوالے سے ہوا ہے۔ اس سے پہلے ہزارہ کمیونٹی کو ٹارگٹ کیا جاتا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست نے یہ تہیہ کر لیا ہے کہ زیرو ٹالرنس ہوگی۔ ہمارے یہاں مسئلہ یہ ہے کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف ایک مخصوص سطح تک پہنچتے ہیں۔ چاہے وہ قوم پرستی کے نام پر دہشت گردی ہے، چاہے وہ مذہب کے نام پر ہے، تو اچانک سے ہماری ریاست نرمی کی پالیسی پر آجاتی ہے۔ اب ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب یہ نہیں ہوگا۔ ہم آخری دہشت گرد تک جائیں گے، انشا اللہ تعالیٰ ان کا قلع قمع کریں گے۔