عمران خان کے وکیلوں نے سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کو غیر آئینی قرار دیا

  • بدھ 04 / اکتوبر / 2023

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت، معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التوا ہونے کے باعث بغیر کارروائی ملتوی کردی ہے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے ٹرائل آگے نہ بڑھانے کی درخواست دائر کی اور مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ کیس کا ٹرائل اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کیا جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے میڈیا کو بتایا کہ آج سماعت روک دی گئی ہے۔ آج ہم نے درخواست دی کہ معاملہ ملتوی ہونا چاہیے، چالان کی نقول نہیں لے سکتے۔ ہمارا مؤقف یہ ہے کہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہے، فیصلے کا انتظار کیا جائے۔ جب معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے تو ضلعی عدالت میں لانا صحیح نہیں ہے۔

اس کیس کی سماعت ان کیمرا نہیں ہو سکتی، چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کو اس کیس میں خفیہ رکھا گیا اور اب ٹرائل کو بھی خفیہ رکھا جارہا ہے۔ اگر ٹرائل کرنا ہے تو عوام کے سامنے ہونا چاہیے۔