ناروے سنسن کرکٹ کلب مسلسل پانچویں بار چیمپئین بن گیا

سنسن کرکٹ کلب ناروے نے مسلسل پانچویں بار نارویجین ایلیٹ کرکٹ سپر لیگ جیت کر نارویجین کرکٹ لیگ میں تاریخ رقم کی ہے۔ کورنا پابندی کی وجہ سے 2021 میں نارویجین ایلیٹ کرکٹ سپر لیگ کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا۔

30 ستمبر کو ناروے ایلیٹ سپر کرکٹ لیگ کا آخری میچ شیڈول کے مطابق ایکے برگ کرکٹ گراونڈ میں سنسن کرکٹ کلب اور اوسلو کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا جانا تھا- مگر پچھلے چند روز سے اوسلو میں مسلسل بارش ہونے کی وجہ سے کرکٹ گراونڈ میں بہت پانی کھڑا ہوگیا تھا۔ جس کی وجہ سے میچ ایمپائر نے میچ کو ڈرا قرار دے دیا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے کر میچ ختم کر دیا-

یہ ایک پوائنٹ حاصل کرنے کے بعد سنسن کرکٹ کلب بہتر رن ریٹ کے ساتھ نارویجین سپر کرکٹ لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا- سنسن کرکٹ کلب نے سپر کرکٹ لیگ میں 9 میچز کھیلے۔ 6 میچ جیت لیے، 1 میچ ہارا اور 2 میچ میدان میں بارش ہونے کی وجہ سے برابر رہے۔ ایلیٹ سپر کرکٹ لیگ کی ٹرافی اور ناروے کرکٹ سیزن 2023 کی تقریب انعامات کی تقسیم  کرنے کی تقریب آئیندہ چند ہفتوں میں ہوگی، جس کا اہتمام نارویجین کرکٹ بورڈ کرے گا۔

2023 کے کرکٹ سیزن میں سنسن کرکٹ کلب کی طرف سے سب سے زیادہ رنز ولید گل غوری نے بنائے۔ انہوں نے 461 رنز بنائے- ولید گل غوری نے 3 سنچریاں، 1 نصف سنچری کے ساتھ یہ رنز بنانے میں کامیاب ہوئے - ولید گل غوری سنسن کرکٹ کلب کے ساتھ ساتھ 10 ٹیموں کے بلے بازوں کے مقابلے میں بھی سب سے زیادہ رنز بنا کر ناروے کرکٹ سپر ایلیٹ لیگ بینٹنگ پوائنٹ ٹیبل پر بھی پہلے نمبر پر آئے۔

ولید گل غوری کے علاوہ سنسن کرکٹ کلب کے اسٹائلش بیٹسمین مندیپ سنگھ نے بھی ناروے کرکٹ لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ وہ سیزن میں 265 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ نارویجین سپر کرکٹ لیگ 2023 میں سنسن کرکٹ کلب کی طرف سے انور احمد، شیر محمد شاک، منصور احمد شاہ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے بالترتیب 7، 8 ، 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سال رواں کے نارویجین کرکٹ سیزن میں سنسن کرکٹ کلب کے کپیٹن نے بروقت صحیح فیصلوں  اور ہر میچ میں مختلف حکمت عملی اپناتے ہوئے مخالف ٹیموں کو زیر کیا اور سنسن کرکٹ کلب کو جیت سے ہمکنار کرایا۔ واضح رہے ناروے میں 5 مختلف ڈویزن میں ہر سال لیگ کرکٹ کھیلی جاتی ہے، جس میں 65 کے قریب مقامی کرکٹ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔  ناروے کے مختلف شہروں میں سالانہ 300 کے قریب کرکٹ میچز مختلف ٹیموں کے درمیان مختلف ڈویزن میں کھیلے جاتے ہیں۔

ناروے ایلیٹ کرکٹ لیگ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ حالیہ سیزن کے دوران اس بڑی لیگ میں 45 میچز کھیلے گئے۔  مقامی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے ساتھ ناروے کی قومی کرکٹ ٹیم بھی بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک کے ساتھ میچ کھیلتی ہے۔  اس کے علاوہ ناروے میں خواتین کرکٹ کی ٹیمیں بھی ہیں۔ ناروے میں کرکٹ کے فروغ میں سب سے اہم کردار پاکستانی تارکین وطن کا ہے ۔

سنسن کرکٹ کلب کو مسلسل پانچویں بار ناروے ایلیٹ کرکٹ لیگ کا چمپیئن بننے پر نارویجین کرکٹ بورڈ کے صدر یوسف گیلانی نے اپنے ایک پیغام  میں مبارک باد دی اور زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ سنسن کرکٹ کلب کے چئیرمین امتیاز احمد وڑائچ، سنئیر ٹیم ایڈوائزر سید مبارک احمد شاہ اور کلب کے چیف آرگنائزر سجاد حسین شاہ نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ٹیم کی مسلسل محنت ، بہتر بیٹنگ کامبینشین، نوجوان کھلاڑیوں کے جوش و جذبے نے سنسن کرکٹ کلب کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی  کہ سنسن کرکٹ کلب آئندہ 2024 سیزن میں بھی اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھے گا۔