خسارے میں چلنے والے بڑے سرکاری اداروں کی نجکاری ہوگی: نگران وزیر نجکاری

  • جمعرات 05 / اکتوبر / 2023

نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ ملک کے خسارے میں چلنے والے بڑے سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری ناگزیر ہے۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی پی کی رپورٹ کے مطابق نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ ناجی بین ہسین سے ملاقات کی اور نگران حکومت کے نجکاری کی حکمت عملی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔ نگران وزیر نجکاری نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے بڑے سرکاری اداروں کی نج کاری کی جائے گی تاکہ قومی وسائل کے بڑے مالیاتی خسارے سے بچنے کے ساتھ ساتھ ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔

فواد حسن فواد نے کہا کہ نگران حکومت کے نجکاری کے ایجنڈے میں پی آئی اے کی نجکاری اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس مشترکہ کوشش کا مقصد ان اداروں کے ذریعے ہونے والے مالی نقصانات کا ازالہ کرنا ہے اور اس طرح حکومت پر پڑنے والا مالی بوجھ کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہا کہ وفاقی حکومت بشمول سول بیوروکریسی، عسکری قیادت اور سیاسی اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی ایپکس کمیٹی نے متفقہ طور پر خسارے میں چلنے والے بڑے سرکاری اداروں کی نجکاری شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جو پہلے ہی نجکاری کی فہرست میں شامل ہیں۔ پی آئی اے اپنے مسلسل اور حیران کن مالی خسارے کے باعث نجکاری کے لیے اولین ترجیح  ہے۔ اس کا سالانہ خسارہ اربوں میں ہے۔