امن کا نوبل انعام ایران کی نرگس محمدی کو مل گیا
ایران میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے کی پاداش میں 12 سال سے جیل میں قید نرگس محمدی نے 2023 کا نوبل امن انعام دیا گیا ہے۔
ایوارڈ کا اعلان آج صبح نارویجئن نوبل کمیٹی کی چئیرپرسن بیرت رائس آندرسن نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نرگس محمدی کے لیے اس اعزاز کا اعلان ان لوگوں کے لیے پیغام ہے جو ایران میں ہونے والے حالیہ احتجاج میں شامل ہیں اور نرگس محمدی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
نرگس محمدی ایران میں خواتین کے حقوق کی بحالی اور سزائے موت کے خاتمے کے لیے کام کرتی رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں مختلف اوقات میں قید و بند کا سامنا رہا ہے۔ نارویجیئن نوبل کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ یہ انعام سب سے پہلے ایران میں چلنے والی پوری تحریک کے انتہائی اہم کام کا اعتراف ہے جس کی متفقہ رہنما نرگس محمدی ہیں۔
کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام درست فیصلہ کریں اور نرگس محمدی کو رہا کی اجائے۔ اور انہیں دسمبر میں انعام وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایران الزام عائد کرتا ہے کہ خواتین کے حقوق اور حجاب سمیت دیگر قوانین کے خلاف ہونے والے احتجاج مغربی ممالک کے ایما پر کیے جا رہے ہیں۔
نرگس محمدی اس وقت تہران کی اوین جیل میں قید ہیں۔ انہیں مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر 12 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ حقوق کی تنظیم فرنٹ لائن ڈیفینڈرز کے مطابق نرگس محمدی مختلف اوقات میں قید کاٹ چکی ہیں۔ ان پر لگائے گئے الزامات میں ریاست کے خلاف پراپیگنڈا کرنا بھی شامل ہے۔
نرگس محمدی ڈیفنڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب سربراہ بھی رہی ہیں۔ اس غیر سرکاری تنظیم کی سربراہ شیریں عبادی کو 2003 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔
نوبل امن انعام کے اعلان کے بعد پیرس میں مقیم نرگس محمدی کے شوہر تقی رحمانی نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اعزاز سے حقوقِ انسانی کے لیے نرگس کی جدوجہد کو مزید تقویت ملے گی۔ درحقیقت یہ اعزاز ایران میں چلنے والی تحریک کے نعرے ’زن، زندگی، آزادی‘ کے لیے ہے۔
نوبل امن انعام کے ساتھ لگ بھگ 10 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی پیش کی جاتی ہے۔ نوبل انعام کا تمغہ اور رقم اوسلو میں دس دسمبر کو ہونے والی تقریب میں دیا جاتا ہے۔ یہ تاریخ نوبل انعام کے بانی اور سویڈش موجد الفریڈ نوبیل کی برسی کا دن ہوتا ہے۔ ان کی وصیت کے مطابق 1895 میں اس انعام کا آغاز کیا گیا تھا۔