شمالی غزہ میں فلسطینی قافلے پر فضائی حملے میں بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک

  • ہفتہ 14 / اکتوبر / 2023

شمالی غزہ سے نقل مکانہ کرنے والے ایک قافلے پر اسرائیلی بمباری میں بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔  بی بی سی کے مطابق جائے وقوعہ پر قتل عام کی ویڈیوز منظر عام پر آئیں۔

بی بی سی نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ صلاح الدین اسٹریٹ پر ہوا۔ یہ شمالی غزہ سے جنوب کی طرف انخلا کے دیے جانے والے  دو راستوں میں سے ایک ہے۔ یہ سڑک کل سارا دن ٹریفک سے بھری رہی کیونکہ اسرائیلی کی جانب سے علاقے سے نکل جانے کی انتباہ کے بعد شمال میں مقیم غزہ کے باشندے اسی روٹ کا استعمال کرتے رہے۔

فوٹیج میں کم از کم 12 لاشیں دکھائی دے رہی ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں جن میں سے کچھ کی عمریں دو سے پانچ سال کے قریب  ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر 70 افراد ہلاک ہوئے۔ فلسطین کی جانب سے اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا ہے۔

اسرائیل کی دفاعی فورس  کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کر رہی ہے لیکن ان کے دشمن (حماس) شہریوں کو شمال سے باہر جانے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قطر اور سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ غزہ کے اندر فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔ دونوں مُمالک کی جانب سے یہ بیان غزہ کے شہریوں کے لیے غلاقہ خالی کر دینے کی اسرائیل انتباہ کے بعد سامنے آیا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم کرنے اور فلسطینی شہریوں کو بین الاقوامی اور انسانی قوانین کے مطابق مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

بیان میں غزہ کے رہائشیوں کو ریلیف اور طبی سامان کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔