خان یونس کے علاقے پر اسرائیلی حملوں میں 49 فلسطینی جاں بحق

  • منگل 17 / اکتوبر / 2023

غزہ کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ خان یونس اور رفح میں واقع گھروں کو اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 49 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیل 23 لاکھ افراد پر مشتمل غزہ میں جارحانہ کارروائی تیز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان حملوں نے غزہ میں انسانی بحران کو جنم دیا ہے اور ایران کے ساتھ تنازع میں اضافے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔

غزہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 800 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے ایک چوتھائی تعداد بچوں کی ہے۔ 10 ہزار سے زائد زخمی افراد ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جہاں ضروری سامان کی شدید قلت ہے۔

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان سیزفائر کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد منظور نہ ہو سکی۔ قرارداد کے مسودے کے حق میں 5 اور مخالفت میں 4 ووٹ آئے جبکہ 6 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق روس کے علاوہ چین، متحدہ عرب امارات، موزمبیق اور گیبون نے قرارداد کے حق میں جبکہ امریکا، فرانس، برطانیہ اور جاپان نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا، البانیا، برازیل، ایکواڈور، گھانا، مالٹا اور سوئٹزرلینڈ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

قرارداد کی منظوری کے لیے اس کے حق میں کم از کم 9 ووٹ درکار ہوتے ہیں اور یہ لازمی ہوتا ہے کہ اسے 5 مستقل اراکین (امریکا، روس، چین، فرانس اور برطانیہ) کی جانب سے ویٹو نہ کیا جائے۔ قرارداد ناکام ہونے پر روسی سفیر واسیلی نیبنزیا نے کہا کہ آج پوری دنیا منتظر تھی کہ سلامتی کونسل خونریزی کے خاتمے کے لیے اقدام اٹھائے گی لیکن مغربی ممالک کے نمائندوں نے ان امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

روس نے جمعہ کو ایک صفحے پر مشتمل قرارداد کا مسودہ پیش کیا تھا جس میں یرغمالیوں کی رہائی، انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی اور ضرورت مند شہریوں کے محفوظ انخلا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ روس کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے متن میں شہریوں کے خلاف تشدد اور دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی مذمت کی گئی تھی لیکن اس میں حماس کا نام نہیں لیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ حماس نے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں 1300 اسرائیلی ہلاک ہوگئے اور کئی لوگوں کو یرغمال بنا لیا گیا۔ ردعمل میں اسرائیل نے حماس کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اسرائیل غزہ کو شدید بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے اور اب زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے، جس کی مکمل ناکہ بندی کی جاچکی ہے۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کل بدھ کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے 18 اکتوبر کو جدہ سعودی عرب میں منعقد ہونے والے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم نے غزہ کے بحران اور وہاں کے محصور شہریوں کی انسانی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیا ہے۔

دریں اثنا پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاری کے پیشِ نظر انسانی بنیادوں پر امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور محاصرے کے تناظر میں گنجان آباد غزہ کے پہلے سے مظلوم عوام کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے۔