نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری معطل، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت مظور کرلی
احتساب عدالت اسلام آباد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطلی کی درخواست منظور کرلی ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں نواز شریف کی وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح اور نیب پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل صفائی قاضی مصباح نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف کو توشہ خانہ کیس میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ وہ عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں۔ ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیں۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر کی؟ وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر نہیں کی۔ توشہ خانہ کیس میں وارنٹ جاری ہوئے ہیں، فیصلہ نہیں ہوا تھا، اسحٰق ڈار کے اسی نوعیت کے کیس میں وارنٹ معطل ہوئے تھے۔ 9 ستمبر 2020 کے فیصلے میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا تھا۔
جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ نواز شریف کے نہ آنے کی کیا وجہ تھی؟ وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ جب نواز شریف نے پاکستان چھوڑا تو طبیعت بہت ناساز تھی، طبی رپورٹ لگی ہوئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست اب بھی زیر التوا ہے، صوبائی حکومت نے چیلنج نہیں کیا۔ نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ساتھ منسلک کردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف احتساب عدالت پیش ہوں گے۔ وارنٹ گرفتاری معطل ہونے کے بعد ملزم عدالت پیش ہوتا ہے۔ عدالت ملزم کی درخواست کو دیکھتے ہوئے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیتی ہے۔ نیب کی جانب سے نواز شریف کا کوئی وارنٹ گرفتاری نہیں۔ نواز شریف احتساب عدالت آکر پیش ہونا چاہتے ہیں، وارنٹ معطل کردیں تاکہ عدالت آنے کا راستہ مل جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف نے دو ریلیف مانگے ہیں۔ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف سرنڈر کرنا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کردیں۔ ان کے 24 اکتوبر تک وارنٹ معطل کردیں۔
وکیل صفائی نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کیس احتساب عدالت میں ٹرائل کے مرحلے پر ہے دیگر کیسز میں اپیل کا مرحلہ ہے۔ ریفرنس دائر ہونے سے چار ماہ پہلے نواز شریف بیرون ملک چلے گئے تھے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کی وارنٹ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ کچھ دیر بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جج محمد بشیر نے کہا کہ عدالت کی جانب سے 24 اکتوبر تک وارنٹ گرفتاری معطل کیے جا رہے ہیں۔ نواز شریف 24 تاریخ تک پیش ہوجائیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ نواز شریف کے وکلا امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ اور نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود، افضل قریشی اور نعیم سنگھیڑا عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نعیم سنگھیڑا نے نواز شریف کے حق میں دلائل دیے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نیب کا مؤقف تبدیل تو نہیں ہوا جس پر نیب نے جواب دیا کہ نہیں، نیب کا مؤقف وہی ہے، ہائی کورٹ نے اپنے آرڈر میں لکھا تھا کہ اپیل کنندہ جب واپس آئے تو اپیل بحال کرا سکتا ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہم نے یہی پوچھا تھا کہ نیب کا کیا موقف ہے؟ اس میں کوئی تبدیلی تو نہیں؟ نیب نے کہا کہ ابھی تو یہی مؤقف ہے کہ وہ آتے ہیں تو ہمیں ان کے آنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے کہاں سے ہدایات لی ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم نے پراسیکیوٹر جنرل نیب سے ہدایات لی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کر دیں کہ آپ کو اعتراض نہیں ہے۔
فریقین کا مؤقف سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے واپسی پر ایئر پورٹ سے گرفتار کرنے سے 24 اکتوبر تک روک دیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے احکامات جاری کیے۔