غزہ پر اسرائیلی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کرگئی

  • منگل 24 / اکتوبر / 2023

اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 24 گھنٹے جاری بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 400 ہوگئی ہے۔ 7 اکتوبر سے ہونے والی اسرائیلی بمباری سے غزہ مین اجں بحق ہونے والے لوگوں کی تداد پانچ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے علاقے الجبالیہ کے پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا۔ اس علاقے میں ایک اسپتال اور ایک تاریخی مسجد بھی بمباری میں مسمار ہوچکی ہے۔ الجبالیہ میں اسرائیلی بمباری کو بلا تعطل 24 گھنٹے ہوگئے ہیں جس کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 400 ہوگئی جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔ القدس اور الشفا اسپتال تباہ ہوگئے ہیں۔

اسی طرح مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں دو فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔ مغربی کنارے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 سے زائد ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ کے شمالی علاقوں سے انخلا کے لیے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ جو شہری جنوبی غزہ منتقل نہیں ہوئے انھیں حماس کا حامی کا سمجھا جائے گا۔

اسرائیلی فوج نے دھمکی دی تھی کہ شمالی غزہ میں الٹی میٹم کے بعد بھی رہ جانے والے فلسطینی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ شہری حماس کے لیے انسانی ڈھال نہ بنیں۔

دوسری طرف عرب میڈیا کے مطابق ریاض میں ہونے والی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال اور بین الاقوامی پیش رفت کے علاوہ دو طرفہ تعاون اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

ادھر ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا ہے کہ حماس نے دو معمر یرغمال خواتین کو پیر کے روز رہا کر دیاہے ۔ رہائی ایک ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں ایک ممکنہ زمینی حملے کو موخر کر دے تاکہ امریکہ کو علاقائی شراکت داروں کے ساتھ حماس کے پاس موجود یرغمالوں کی رہائی پر کام کےلیے مزید وقت مل جائے ۔