آزادانہ، منصفانہ انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کیلئے تیار ہے: چیف الیکشن کمشنر

  • سوموار 30 / اکتوبر / 2023

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا اور الیکشن کمیشن شفاف، آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے لاہور میں وزیراعلیٰ آفس پنجاب کا دورہ کیا جہاں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کابینہ کے وزرا نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے اراکین اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور حکومت پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا پرامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے۔ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔

چیف الیشکن کمشنر نے کہا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف، آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں حکومت پنجاب کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ پنجاب میں انتخابات کا آزادانہ انعقاد یقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب ٹیم عام انتخابات کا منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی۔ عام انتخابات کا منصفانہ، آزادانہ اور پرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔