اسرائیلی فوج غزہ شہر اور شمال کی جانب پیش قدمی کررہی ہے: بی بی سی

  • سوموار 30 / اکتوبر / 2023

بی بی سی کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ شہرمیں داخل ہوچکی ہے اور شمال کی طرف اس کی پیش قدمی جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق غزہ جانے والی شاہرہ بند کردی گئی ہے اور اسرائیلی ٹینک آگے بڑھ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق غزہ کے جنوب میں پہلے کے مقابلے میں اب اسرائیلی فضائی حملوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس علاقے میں فضائی حملے کم ہو رہے ہیں اور مصر کی جانب سے غزہ میں داخل ہونے والی امداد کی رفتار اور مقدار دونوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

بی بی سی کے نمائندے کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل شمالی اور غزہ شہر میں آپریشن پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہے جہاں اب ان کے پاس چار مختلف سمتوں سے ٹینکوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ وہ غزہ کی جانب پیش قدمی بھی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب غزہ کی پٹی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کے شمال سے جنوب کی طرف ایک اہم سڑک پر ایک اسرائیلی ٹینک دیکھے گیے ہیں۔ تصدیق شدہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ غزہ شہر کے جنوب میں صلاح الدین روڈ پر شمال کی جانب جانے والی ایک کار پر ٹینک سے فائرنگ کی گئی۔

عینی شاہدین نے اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ٹینک غزہ شہر کے جنوبی کناروں پر واقع ضلع زیتون میں داخل ہوئے تھے۔ ایک رہائشی نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہوں نے سڑک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ جو بھی گاڑی اس راستے کو استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہے، اُس پر فائرنگ کی جاتی ہے اور اُسے نقصان پہنچایا جاتا ہے۔

فلسطینی عینی شاہدین کے مطابق ایک اسرائیلی ٹینک اور بکتر بند گاڑی نے غزہ کی پٹی کے شمال سے جنوب کی طرف جانے والی ایک اہم سڑک سے شہر کا رابطہ منقطع کر دیا ہے اور وہ غزہ شہر میں داخل ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اپنی زمینی فوجیوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافیہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کہ مطابق ’درجنوں دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے گیا ہے‘۔ آئی ڈی ایف کے چیف ترجمان ڈینیئل ہاگری سے صبح کی بریفنگ میں ٹینکوں کے بارے میں خصوصی طور پر پوچھا گیا تو انہوں نے مزید معلومات دینے سے انکار کر دیا۔

صلاح الدین روڈ ان دو راستوں میں سے ایک ہے جنہیں اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں فلسطینیوں کو اپنی حفاظت کے لیے جنوب سے نکلنے کے لیے استعمال کرنے کے لیے کہا تھا۔

دوسری طرف فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی کے سربراہ نے کہا ہے کہ سینکڑوں مریض شمالی غزہ میں ہسپتالوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور انھیں منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ٹام وائٹ نے ڈاکٹروں اور دیگر خیراتی اداروں کے حوالے سے بتایا کہ شمالی غزہ میں القدس جیسے ہسپتالوں سے مریضوں کو منتقل کرنا ناممکن ہے۔ فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اتوار کے روز ہسپتال خالی کرنے کا کہا تھا جبکہ اس کے اطراف میں حملے جاری ہیں۔