ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس وین کے قریب بم دھماکا، 5 افراد جاں بحق

  • جمعہ 03 / نومبر / 2023

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک اڈہ کے قریب پولیس پر کیے گئے بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق ریسکیو اور پولیس حکام نے بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

پولیس اہلکار محمد عدنان نے بتایا کہ بم دھماکا ڈیرہ اسمٰعیل خان شہر میں گشت پر مامور پولیس وین کے قریب ہوا۔ 5 افراد جاں بحق اور دیگر 21 زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

گزشتہ سال نومبر میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد سے پاکستان میں حالیہ مہینوں کے دوران خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا ہے۔

31 اکتوبر کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس کیمپ پر نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا، اسی روز ضلع جنوبی وزیرستان میں آئی ای ڈی دھماکے میں دو فوجی شہید ہوئے تھے۔ رواں برس جولائی میں بلوچستان کے ضلع سوئی اور ژوب میں دو الگ کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔