میانوالی: پاکستان ایئرفورس ٹریننگ ایئربیس پر حملہ ناکام، 9 دہشتگرد ہلاک
پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بنادیا۔ کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج علی الصبح میانوالی ٹریننگ ایئربیس پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنانے کے بعد آس پاس کے علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ الحمدللہ پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل ک کے تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ حملے کے دوران پی اے ایف کے کارآمد فعال اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم صرف 3 غیرفعال طیاروں کو ہی کچھ نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے واضح کیا گیا کہ آپریشن کا فوری اور پیشہ ورانہ اختتام امن کے تمام دشمنوں کے لیے ایک واضح یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں اور کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
قبل ازیں آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ میانوالی ٹریننگ ایئربیس پر دہشتگردوں نے آج علی الصبح حملے کی کوشش کی، جسے پاک فوج کے جوانوں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی بدولت ناکام بنا دیا اور اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے کہا ہے کہ میانوالی میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنا کر پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر اورغیرمتزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی حملے کی مذمت کی اور حملہ ناکام بنائے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مملکت نے مذمتی بیان میں گزشتہ روز گوادر میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بیان میں کہا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان، پسنی اور میانوالی میں حملہ آور دہشت گردوں کے نام الگ ضرور ہوں گے لیکن پس پردہ دشمن ایک ہی ہے۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر پاکستان کو دوبارہ بے یقینی اور عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے۔