پیمرا کے اختیارات صرف اس کے سربراہ کو تفویض نہیں ہوسکتے: سپریم کورٹ

  • اتوار 05 / نومبر / 2023

سپریم کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے اپنے تمام اختیارات چیئرپرسن کو سونپنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا ہے۔ میڈیا واچ ڈاگ کو اس سلسلے میں باقاعدہ قواعد وضع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ فیصلہ نجی نیوز چینل ’نیو ٹی وی‘ کی جانب سے دائر کی گئی اپیل سے متعلق ہے جس میں پیمرا کی جانب سے اس پر عائد کردہ 5 لاکھ روپے کے جرمانے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ تاریخی فیصلے میں جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پیمرا کے 2007 کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا جس میں اس کے تمام اختیارات چیئرپرسن کو سونپے گئے تھے۔

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس میں درج کی گئی شکایت میں نیو ٹی وی پر مارچ 2021 میں نشر ہونے والے پروگرام کے دوران الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اور اشتہارات) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا۔ اگلے ماہ ہونے والی میٹنگ میں سی او سی نے پروگرام کے مواد کو خلاف قانون پایا اور جرمانے کی تجویز دی جسے چیئرپرسن پیمرا نے 29 اپریل کو منظور کیا۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے پیمرا کے حکم کے خلاف اپیل خارج کر دی۔

بیرسٹر افضل حسین نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چیئرپرسن پیمرا سی او سی کی سفارشات پر تن تنہا حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے، اس حوالے سے رولز موجود نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ جون 2023 میں محفوظ کیا گیا تھا۔ تفصیلی فیصلہ جمعہ کو عدالت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا۔

پیمرا ارکان میں چیئرپرسن پیمرا، ایگزیکٹو ممبر، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سربراہان، سیکریٹری داخلہ، انفارمیشن سیکریٹریز اور چاروں صوبوں سے پانچ آزاد ممبران اور وفاقی حکومت کا نمائندہ شامل ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پیمرا نے اپنی مورخہ 31.07.2007 کی میٹنگ میں اپنے اختیارات چیئرمین پیمرا کو دے دیے اور سب کچھ چیئرمین پیمرا کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

عوامی ادارے جن میں صوابدیدی اختیار ہوتا ہے، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ قواعد و ضوابط اور صوابدید کے درمیان بہترین توازن قائم کرنے کے لیے اہم معیارات کے نفاذ کے ذریعے اس اختیار کو کنٹرول کریں۔ قانون کے تحت سی او سی کو بھی الیکٹرانک میڈیا پروگراموں کے کسی بھی پہلو کے خلاف عوامی شکایات کو دور کرنے کے لیے فیصلہ کن اور سفارشی کردار حاصل ہے۔

عدالت نے کہا کہ سی او سی کو اختیار ہے کہ وہ لائسنس یافتہ کو طلب کرے، ایسی شکایات پر رائے دے اور کسی خلاف ورزی کی صورت میں وہ سرزنش یا جرمانے کی مناسب کارروائی کی پیمرا کو سفارش کر سکتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ سی او سی کی سفارشات کی بنیاد پر جرمانے عائد کرنے کا اختیار پیمرا کا ہے۔