پی ڈی ایم اتحاد نے ہماری باتیں نہیں مانیں: آصف زرداری
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان کو اس لیے نہیں ہٹایا کہ ہمیں اقتدار کی ضرورت تھی بلکہ عوام کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
انہوں نے گھوٹکی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے صدارتی اختیارات کم کر کے پارلیمان کو طاقتور کیا، اس کے پیچھے بھی ایک سوچ تھی۔ اگر میں ایسا نہ کرتا تو کوئی بھی آ کر ان اختیارات کو ختم کر کے آمریت کا نظام رائج کر سکتا تھا۔ اب ایسا کرنے کے لیے اس مارشل لا لگانا پڑے گا جو آج کی صدی میں آسان نہیں ہے۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اب بھی جب ہم حکومت تھے تو ہم نے بہت کوشش کی لیکن دوستوں نے ہماری باتیں نہیں مانیں جس سے ہمیں پانچ سے 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ ہم مخالفین کو ویلکم کرتے ہیں جو ہمارے خلاف الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، جمہوریت میں جب مقابلہ ہو گا تب ہی بہتر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ میں ملک سے باہر اس لیے نہیں جاتا کیونکہ مجھے مسئلہ یہ ہے کہ میں دوسروں کو کیا منہ دکھاؤں گا۔ ہمارے افغان بھائی یہاں آئے، اب ہم چاہتے ہیں کہ وہ واپس جائیں لیکن جائیں کس پہ، وہاں ہے کیا جو وہ واپس جائیں۔
یہ بات ہماری جانب سے آتی ہے اس لیے ان کو لگتا ہے کہ شاید اس میں ہمارا فائدہ ہے، لیکن ایسا نہیں ہے ہم ملک کا سوچتے ہیں۔