غزہ کے الشفا اسپتال سمیت دیگر طبی مراکز پر بمباری اسرائیلی

  • جمعہ 10 / نومبر / 2023

غزہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جمعے کو غزہ کے تین اسپتالوں کے قریب بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اموات بھی ہوئی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حماس کی وزارتِ صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے 'الجزیرہ ٹی وی' سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل نے جمعے کو چند گھنٹوں کے دوران مختلف اسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کے حملوں کی زد میں آنے والے اسپتالوں میں غزہ کا سب سے بڑا اسپتال الشفا بھی شامل ہے۔

اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس اسپتال کے نیچے حماس کا خفیہ کمانڈ سینٹر اور سرنگیں ہیں جب کہ حماس ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔ وزارتِ صحت کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ سٹی میڈیکل کمپلیکس کے صحن کو نشانہ بنایا جہاں کئی لوگوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے ہلاکتوں کی تفصیل سے آگاہ نہیں کیا۔

غزہ سٹی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل فورسز غزہ سٹی کے مرکز کی جانب بڑھ رہی ہیں اور ان کے ٹینک الشفا اسپتال سے تقریباً ایک کلو میٹر دور ہیں۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس شواہد ہیں کہ حماس الشفا اسپتال اور انڈونیشین اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں کو زیرِ زمین سرنگوں میں داخل ہونے کے پوائنٹس کے طور پر استعمال کرتا ہے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ یہ وضاحت کرنا چاہیں گے کہ اسرائیل اپنے فیصلے خود لے رہا ہے۔ انہوں نے حماس کے خلاف جاری اسرائیلی فوج کی کارروائی سے متعلق کہا کہ ایک ایسے دشمن کے خلاف لڑائی ہو رہی ہے جس نے خود کو شہریوں میں چھپا کر معصوم فلسطینیوں کو خطر ے میں ڈال دیا ہے۔

تاہم اسرائیل کی ذمے داری ہے کہ دہشت گردوں اور عام شہریوں میں فرق کرے اور عالمی قوانین کی مکمل پاسداری کرے۔