نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان انتقال کر گئے

  • ہفتہ 11 / نومبر / 2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان انتقال کر گئے ہیں۔ انہیں گزشتہ رات رحمان میڈیکل کمپلیکس کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔

ان کے بھتیجے محمد احمد خان نے بتایا کہ ان کی عمر 89 سال تھی۔ انہوں نے مجھے گزشتہ روز بلایا تھا اور چارسدہ یونیورسٹی جانے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ وہ بالکل ٹھیک تھے، ہم نے اگلے پیر کو چارسدہ جانا تھا۔ میں انتظامات کر رہا تھا کہ ان کے انتقال کی خبر آگئی۔

محمد اعظم خان نے رواں سال جنوری میں بطور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا حلف اٹھایا تھا۔ سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کے درمیان مشاورت کے ان کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا۔ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے تعلق رکھنے والے اعظم خان سابق بیوروکریٹ تھے اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔

لنکنز ان لندن سے فارغ التحصیل بیرسٹراعظم خان اس سے قبل 2018 میں نگراں وزیراعظم ناصر الملک کی کابینہ میں کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ اور وزیرداخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔ اعظم خان اکتوبر 2007 سے اپریل 2008 تک وزیراعلیٰ شمس الملک کی نگراں کابینہ میں وزیرداخلہ، منصوبہ بندی اور ترقیات رہے اور اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں اہم پوزیشنز میں فائز رہے۔

نگران حکومتوں کا حصہ رہنے سے قبل وہ ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری رہے اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے چیئرمین بھی رہے۔

الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اعظم خان کے انتقال کے بعد خیبرپختونخوا کی کابینہ ’ازخود تحلیل‘ ہو گئی ہے۔ جب تک نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب نہیں ہوجاتا، اس وقت تک صوبے کے معاملات گورنر سنبھالیں گے۔

کنور دلشاد نے زور دیا کہ آئین کا آرٹیکل 224 سینیٹ کو ہنگامی صورتحال میں فیصلے کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ اگر نئے وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں ہوتا تو معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا۔ ان کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف وزیراعلیٰ کے نام پر مشاورت کریں گے۔ اگر کوئی اختلاف ہوا تو الیکشن کمیشن مداخلت کرے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اعظم خان کے ساتھ ملاقاتوں میں اُنہیں ایک شریف النفس انسان پایا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کی تکلیف دہ خبر ملی، وہ یقینا ایک ایماندار اور نیک انسان تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔