پاکستان سے ریویو معاہدے پر اس ہفتے کے آخر تک اتفاق ہو جائے گا: آئی ایم ایف

  • بدھ 15 / نومبر / 2023

معاشی اور اقتصادی امور پر رپورٹ کرنے والے خبر رساں ادارے بلومبرگ کے ساتھ انٹرویو میں آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جیورجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات حتمی مراحل پر پہنچنے کے قریب ہیں۔

ان کے مطابق مجھے امید ہے کہ ریویو معاہدے پر اس ہفتے کے آخر تک اتفاق ہو جائے گا یعنی اب کسی بھی دن ایسا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی حکام اور وزیرِ خزانہ کو اس بات کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں اس معاہدے کی پاسداری کی۔

میزبان نے پوچھا کہ پاکستان میں وہ کون سا مسئلہ ہے جو معاہدے کو حتمی شکل دینے میں رکاوٹ بنتا ہے تو انہوں نے کہا کہ ’سب سے بڑا مسئلہ ٹیکس جمع کرنے کا ہے۔ پاکستان میں ٹیکس سے جی ڈی پی کا تناسب 12 فیصد ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اسے کم سے کم 15 فیصد ہونا چاہیے تاکہ آپ اپنی آمدنی کو برقرار رکھ سکیں اور اپنی معیشت کو چلا سکیں۔ اس لیے پاکستان میں جو افراد ٹیکس دے سکتے ہیں، ان سے ٹیکس لینا ضروری ہے۔