پرانے لوگوں کی بجائے مجھے موقع دیا جائے: بلاول بھٹو زرداری

  • جمعرات 16 / نومبر / 2023

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ 70 سال سے کھیلے جانے والے کھیل کو کہیں نہ کہیں ہمیں فل اسٹاپ لگانا پڑے گا۔

ایبٹ آباد میں ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا کو شناخت دی۔ نام کے ساتھ ساتھ آپ کوحقوق دیے۔ آپ کو وسائل کا مالک بنایا۔ غریب خواتین کی مالی مدد کےلیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔ ہم پیپلز پارٹی کے کارناموں پر فخر کرتے ہیں۔ ہماری جدوجہد، سیاسی سفر ابھی رہتا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بےنظیر کے نامکمل مشن کو پورا کرنا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آج عوام خود کو لاوارث محسوس کرتے ہیں۔ مہنگائی، غربت بے روزگاری تاریخی سطح پر ہے۔ سیاستدان، بیوروکریسی کو زمینی حقائق کا کچھ معلوم نہیں۔ انہیں عوام کی مشکل کا احساس نہیں۔ بڑھتی غربت مہنگائی عوام کا بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ باقی سیاسی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی ہوئی ہیں۔ ان مسائل سے نکلنا ہے تو نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ ایسی قیادت جو ماضی میں پھنسی نہ ہو، مستقبل کے بارے میں سوچے۔ جو اتحاد کی سیاست کرے، تفریق میں نہ پھنسے اور عوام پر توجہ دے۔

ملک کے مسائل کا حل اتنا مشکل نہیں، آپ کی نیت صحیح ہونا چاہیے۔ آپ کا ایک نظریہ اور منشور ہونا چاہیے۔ کسی کو دوسری بار یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے کے بجائے جس کو موقع نہیں ملا اسے موقع دیجیے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ موقع دیتے ہو تو وعدہ ہے کبھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔ آپ کی دن رات خدمت کروں گا۔ جب بھی پیپلز پارٹی کو موقع ملا اس نے عوام کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ روزگار عوام کو پیپلز پارٹی کے دور میں ملا ہے۔ پیپلز پارٹی اشرافیہ کی نہیں عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت غریبوں کی حکومت ہے، عوامی راج کی سوچ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں۔ مخالف غربت، بے روزگار اور مہنگائی ہے۔ میری کابینہ کا پہلا ایجنڈا یہی ہوگا کہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کو کیسے ختم کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی کے پاس پلان ہے کہ عوام کو کیسے ریلیف دلاسکتے ہیں۔