فیض آباد دھرنے پر کسی کا احتساب نہ ہونے سے سانحہ 9 مئی دیکھنا پڑا: سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس میں 15 نومبر کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ اس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ 6 فروری 2019 کو دیا۔ جس میں ماضی کے پر تشدد واقعات کا حوالہ دے کر مستقبل کیلئے وارننگ دی گئی تھی۔
تقریباً پانچ سال گزرنے کے باوجود حکومتوں نے فیض آباد دھرنا فیصلے پر عمل درآمد نہ کیا۔ فیض آباد دھرنے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستیں دائر ہوئیں جنہیں سماعت کیلئے مقرر نہ کیا گیا جس کے سبب عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا۔ فیض آباد دھرنا فیصلے کے تناظر میں نہ کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا، نہ ہی پرتشدد احتجاج پر احتساب ہوا۔ نتیجتاً قوم کو 9مئی کے واقعات دیکھنے پڑے۔
سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ شیخ رشید کے وکیل نے کہا میں نظرثانی درخواست واپس لینا چاہتا ہوں۔ عدالت نے بار بار پوچھا درخواست دائر کیوں کی، شیخ رشید کے وکیل نے جواب دیا غلطی فہمی کے سبب نظرثانی دائر کی۔ تعجب ہے ایسا سیاست دان جو طویل عرصہ تک رکن پارلیمنٹ رہا اور وفاقی وزیر جیسے اعلیٰ منصب پر فائز رہا، اسے غلط فہمی ہوگئی۔ جس کے سبب نظرثانی درخواست دائر کی۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا کیا شیخ رشید نے نظرثانی درخواست کسی کے کہنے پر دائر کی، جواب دہرایا گیا نظرثانی درخواست غلطی فہمی کی بنا پر دائر کی۔