شہباز شریف، فواد حسن اور احد چیمہ سمیت آشیانہ اقبال ریفرنس میں تمام ملزمان بری
احتساب عدالت آشیانہ اقبال ریفرنس میں سابق وزیراعظم شہباز شریف سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے آشیانہ اقبال کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر دس ملزمان کو ریفرنس سے بری کر دیا۔ شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس 2018 میں دائر کیا گیا تھا۔
عدالت نے اس ریفرنس میں جن ملزمان کو بری کیا ان میں شہباز شریف کے علاوہ اس وقت نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد بھی شامل ہیں۔ دیگر بری ہونے والے ملزمان میں احد چیمہ، شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر، اسرار سعید اور عارف بٹ شامل ہیں۔
واضح رہےکہ آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب نے کہا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے اس میں 61 کروڑ روپے جمع کرائے تھے۔ کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ عدالت نے اس ریفرنس میں دس ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔