انتخابات شفاف ہوں گے، الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے: آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے صاف، شفاف انعقاد کو یقینی بنائے گا۔
ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ہر طرح کے ماحول میں الیکشن لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔ ملک کا ماحول اس وقت انتخابات کے لیے سازگار ہے اور الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ مجھے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ملک میں صاف، شفاف الیکشن کروائے گا۔ خیال رہے کہ سابق صدر کا یہ بیان برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے شاہ چارلس کے جنم دن کے حوالے سے مبارک باد کا پیغام دیا تھا اور ڈیوڈ کیمرون کے وزیر خارجہ بننے پر بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔
آصف زرداری نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے برطانیہ سے مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور دیا تھا جب کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ سابق صدر اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اسے سے قبل گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا تھا کہ مخالف الیکشن میں آئیں، ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ دوستوں اور دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ گزشتہ حکومت کے خلاف، عمران خان کے خلاف تحریک اس لیے نہیں چلائی تھی کہ ہمیں اقتدار چاہیے تھا۔
سابق صدر نے کہا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی نوکری کی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر لکھا ہے کہ یہاں عوام کا نوکر دفن ہے۔ عوامی نوکری میں ہی ہماری جنت و دوزخ ہے۔ ہمارے روزے، سجدے کام نہیں آنے، اگر کام آنی ہے تو عوامی خدمت ہی کام آنی ہے۔