غزہ میں 5 دن کیلئے جنگ بندی پر اتفاق: وشنگٹن پوسٹ

  • اتوار 19 / نومبر / 2023

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اسرائیل اور حماس امریکی حمایت یافتہ ڈیل پر رضامند ہوگئے ہیں  جس کے نتیجے میں غزہ میں 5 دن کے لیے جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔

امریکی اخبار میں بتایا گیا ہے کہ 24 گھنٹے میں 50 کے قریب یرغمالیوں کی رہائی کا امکان ہے۔ اخبار کے مطابق غزہ میں جنگ میں وقفے سے متعلق معاہدہ 6 صفحات پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب امریکی اخبار کی اس رپورٹ پر وائٹ ہاؤس یا اسرائیلی وزیراعظم کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 12 ہزار 300 سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔  رپورٹس کے مطابق شہدا اور زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

دوسری طرف قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کا معاہدہ طے پا جائے گا۔ تاہم اس سلسلہ میں معمولی مشکالت حائل ہیں۔