بیرسٹر گوہر علی خان بلا مقابلہ تحریک انصاف کے چیئرمین منتخب ہوگئے

  • ہفتہ 02 / دسمبر / 2023

چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے بتایا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان کے نامزد کردہ بیرسٹر گوہر علی خان کو بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بیرسٹر علی گوہر پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین منتخب ہوئے ہیں جبکہ عمرایوب مرکزی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر منتخب ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاسمین راشد پنجاب کی صوبائی صدر منتخب ہوئی ہیں جبکہ منیر احمد بلوچ بلوچستان کے صوبائی صدر ، علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا کے صوبائی صدراور حلیم عادل شیخ سندھ کے صوبائی صدر منتخب ہوگئے ۔ نیاز اللہ نیازی کے مطابق تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اکبر ایس بابر نے مجھ سے اور میری ٹیم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ گزشتہ روز میں آفس میں اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھا۔ اکبر ایس بابر نے ویڈیو بنا کر میڈیا پر جاری کی جسے مسترد کرتے ہیں۔

دوسری جانب اکبر ایس بابر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے۔ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگی کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔ اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں۔