نواز شریف کی چوہدری شجاعت کے گھرآمد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے گھر جاکر عایدت کی ہے۔ اس موقع پر دونوں پارٹیوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت ہوئی ہے۔
چوہدری شجاعت حسین سے نواز شریف کی تقریباً 15 سال کے بعد ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال اور انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ن لیگ کی جانب سے مسلم لیگ ق کو انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی پیش کش کی گئی۔
ملاقات میں نواز شریف کے ساتھ شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شافع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا بھی شریک تھے۔ قبل ازیں ق لیگ کے رہنماؤں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات کے دوران نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں کے مابین آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ ن لیگ کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی مسلم لیگ ق کو سیٹوں کی تعداد کے حوالے سے پیش کش کی گئی۔
ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے ایم این اے کی 2 نشستوں پر ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔ اس کے علاوہ ایم پی اے کی 3 سیٹوں پر بھی ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔
مسلم لیگ ق نے اہم ملاقات کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ملاقات کے حوالے سے رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔