غزہ میں صورتحال انتہائی خطرناک ہے: فلسطینی صحافی
فلسطینی صحافی جلال محمود نے کہا ہے کہ غزہ میں اس وقت صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ غزہ میں اسرائیل ہر طرف بمباری کر رہا ہے۔
جلال محمود نے کہا کہ غزہ میں اسپتالوں، گاؤں اور ایمبولینس ہر جگہ اسرائیل بمباری کر رہا ہے۔ اسرائیل وہاں بھی بمباری کر رہا ہے جہاں فلسطینیوں کو جانے کا کہا گیا تھا۔ فلسطینی صحافی نے کہا کہ خان یونس بہت چھوٹا شہر ہے لیکن اب ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ غزہ میں شہدا اور زخمیوں کا تعین کرنا قبل از وقت ہے۔ وہاں ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے امکانات بہت کم ہیں۔ اسرائیل نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ جنگ بندی نہیں چاہتا۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ اپنے مقاصد اور اہداف پورے کریں گے۔
اس دوران حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو غزہ جنگ رک سکتی ہے۔ مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں حرمت اقصیٰ کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ دنیا میں مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن یہودی ہیں۔ اس جنگ میں ہمارے بیس ہزار بچے عورتیں اور مرد شہید ہوچکے ہیں۔
اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔ اگر پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو جنگ رک سکتی ہے۔ پاکستان سے ہمیں بہت سی امیدیں ہیں۔ پاکستان اسرائیل کو پسپائی پر مجبور کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت اسرائیل کے جدید ترین ہتھیاروں کو تباہ کررہے ہیں ۔ ہمیں امید ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ اسرائیل اپنے ناپاک ارادوں میں ناکام ہوگا۔