غیر قانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی کو متاثر کر رہے ہیں: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی کی مجموعی صورتِ حال اور انسدادِ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے اُن کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے انسدادِ دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں بہادری کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی بے مثال کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے۔ پاک فوج مادرِ وطن کی حفاظت کا فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔ آرمی چیف نے پہلی بار منعقدہ قومی ورکشاپ خیبر پختون خوا کے شرکا سے بھی خطاب کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو جامع حکمتِ عملی کے ذریعے ناکام بنایا جارہا ہے۔ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا۔ انہیں باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔
اس دوران پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان میں رہائش پذیر افغان باشندوں کے مقامی افراد سے شادی کرنے والوں کو رہائش یا شہریوں کے حقوق فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔ اس فیصلے میں پاکستانیوں سے شادی کرنے والے افغان باشندوں کو پاکستان اوریجن کارڈ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔