امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کردی

  • ہفتہ 09 / دسمبر / 2023

امریکا نےغزہ میں جنگ بندی کیلئے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد ویٹو کو کردیا۔ قرار داد کی حمایت سلامتی کونسل کے تقریباً تمام ممبران اور دیگر ممالک نے کی تھی۔

قرار داد میں غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل میں قرارداد متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی گئی۔ سلامتی کونسل کے 15 میں سے 13 اراکین نے اس کی حمایت کی، برطانیہ غیر حاضر رہا جبکہ امریکا نے مخالفت کی۔ فرانس اور جاپان جنگ بندی کے مطالبے کی حمایت کرنے والوں میں شامل تھے۔

قرارداد کے حامی ممالک نے اسے ایک خوفناک دن قرار دیا اور جنگ کے تیسرے مہینے میں مزید شہریوں کی ہلاکتوں اور تباہی سے خبردار کردیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے حملے معصوم فلسطینیوں کی سزا کا جواز نہیں۔