ملک میں ’سلیکشن پروسس‘ روک کر الیکشن پروسس شروع ہونا چاہیے: فواد چوہدری
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ جعلی کیسز بھگت رہے ہیں، یہ کیس ختم ہوگا تو دوسرا بنادیا جائے گا۔ ملک میں ’سلیکشن پروسس‘ کو روک کر الیکشن پروسس شروع ہونا چاہیے۔
فواد چوہدری کو بکتر بند گاڑی میں راولپنڈی کچہری پہنچایا گیا۔ ان کا گزشتہ روزاسلام آباد سے ایک دن کا راہداری ریمانڈ لیا گیا تھا۔ انہیں ڈیوٹی جج غلام مصطفیٰ کی عدالت میں پیشی کے لیے راولپنڈی کچہری پہنچایا گیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے فواد چوہدری کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
راولپنڈی کی مقامی عدالت نے پینتیس لاکھ روپے کے بدعنوانی کیس میں فواد چوہدری کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں کل متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور سماعت ملتوی کر دی۔
پیشی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وہ سب جھوٹے کیس بھگت رہے ہیں۔ مقدمات پرمقدمات بنائےجارہےہیں۔ دیکھتے ہیں کتنے بناتے ہیں، میں جعلی کیسز بھگت رہا ہوں۔ یہ کیس ختم ہوگا تو دوسرا بنادیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کہنا چاہوں گا کہ چالیس سال بعد بھی اگر انہوں نے مجلس شوریٰ اور ایک نامزد ادارے کے ذریعے اقتدار میں آنا ہے تو اس کا کیا فائدہ ہوگا۔ ملک میں سلیکشن پروسس کو روک کر الیکشن پروس کو شروع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فاصلے کم کریں، ورنہ جو ہو رہا ہے، دنیا میں ملک کا مزاق ہی بنے گا۔
واضح رہے کہ 4 نومبر کو فواد چوہدری کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ فواد چوہدری کی گرفتاری ایسے وقت میں عمل میں آئی تھی جب سابق اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر کو گرفتار کیے جانے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔
قبل ازیں رواں برس 25 جنوری کو فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’فواد چوہدری نے آئینی اداروں کے خلاف شرانگیزی پیدا کرنے اور لوگوں کے جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی ہے، مقدمے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے‘۔ تاہم یکم فروری کو فواد چوہدری کو ضمانت منظور ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
رہائی کے بعد 24 مئی کو فواد چوہدری نے پی ٹی آئی چھوڑ کر سابق وزیراعظم عمران خان سے اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ تاہم جون میں فواد چوہدری نے جہانگیر خان ترین کی قائم کردہ نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔