خضدار: سلطان ابراہیم روڈ پردھماکا، پولیس افسر شہید
بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہونے والے دھماکے میں ایک پولیس افسر شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں سلطان ابراہیم روڈ پر دھماکا محکمہ انسداد دہشت گردی کی گاڑی پر کیا گیا۔ دھماکے میں ایک ایس ایچ او نے جام شہادت نوش کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر دھماکا خیز مواد شہید ہونے والے ایس ایچ او محمد مراد کی گاڑی کے نیچے یا گاڑی کے اندر نصب تھا۔ ایس ایس پی خضدار میر حسین لہڑی نے ڈان ڈاٹ ٹی وی کو کو بتایا کہ چلتی گاڑی میں میگنیٹک بم کو ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او سی ٹی ڈی کے علاوہ دھماکے میں ابوبکر نامی ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ شہید ہونے والے ایس ایچ او کی لاش اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال خضدار منتقل کردیا گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے خضدار دھماکےمیں پولیس افسرکی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے دھماکے کی ے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کےجانی ومالی تحفظ پر مامور سیکیورٹی فورسز پر حملہ قابل مذمت ہے۔ ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے خضدار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پرایک بیان میں انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس گھڑی میں شہید پولیس افسر کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔