سائفر کیس میں عمران خان، شاہ محمود قریشی پر ایک بار پھر فردِ جرم عائد کردی گئی

  • بدھ 13 / دسمبر / 2023

سائفر کیس میں سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ و پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے  کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور سائفر کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، ان کی بہنوں کے علاوہ شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

سماعت کے دوران عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فردِ جرم عائد کی گئی جب کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ نے صحت جرم سے انکار کیا۔ خصوصی عدالت نے استغاثہ کی شہادت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کے لیے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔

 واضح رہے اس سے پہلے  آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت قائم خصوصی عدالت نے عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف 23 اکتوبر کو سائفر کیس میں فرد جرم عائد کردی تھی۔

عمران خان نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں جاری جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹراکورٹ اپیل کو منظور کرتے ہوئے جیل ٹرائل کا 29 اگست کا نوٹی فکیشن غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔

بعد ازاں 23 نومبر کو سائفرکیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو اسلام آباد کے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی تھی۔ لیکن سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اڈیالہ جیل میں اوپب ٹرائل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔