ٹانک: پولیس لائنز پر دہشت گردوں کے حملے میں تین اہلکار ہلاک

  • جمعہ 15 / دسمبر / 2023

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس لائنز پر دہشت گردوں کے حملے میں تین اہلکار جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

دہشت گرد جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب لگ بھگ تین بجے ضلع ٹانک میں پولیس لائنز کے اندر داخل ہوئے جس کے بعد کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ٹانک افتخار شاہ کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں پولیس افسر سمیت تین اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے جب کہ جوابی کارروائی میں تینوں حملہ آور مارے گئے ہیں۔

'انصار الجہاد' نامی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام نے دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ البتہ بتایا جاتا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس انسپکٹر شامل ہے۔

ٹانک پولیس لائن پر حملے کے بعد حفاظتی تدابیر کے تحت ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ نالہ ملک دین خیل میں جہاں انہوں نے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹبلری (ایف سی) کی مشترکہ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے ہینڈ گرنیڈ اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جب کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار ہلاک جب کہ چھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حالیہ چند ہفتوں کے دوران سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دہشت گردوں نے منگل کو ہی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کے بیس کیمپ پر حملہ کیا تھا جس میں 23 اہلکار ہلاک ہوئے تھے جب کہ حملے کی ذمے داری تحریکِ جہاد پاکستان (ٹی جی پی) نامی ایک غیر معروف تنظیم نے قبول کی تھی۔