آرمی چیف کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی دورہ امریکا کے دوران نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا اور پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے کردار کو سراہا جو دنیا کے امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے بات چیت کے دوران خاص طور پر کشمیر اور غزہ کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں قیامِ امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے پُرامن حل سے مشروط ہے۔
آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیرقانونی بھارتی کوششوں کی بھی مذمت کی کیونکہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ غزہ میں شورش کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کریں تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔
آئی آیس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خاص طور پر ان معصوم شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں بےدردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں خاطر خواہ انسانی امداد فراہم نہیں کی جا رہی۔ انتونیو گوتیرس نے آرمی چیف کے خدشات کو تسلیم کیا اور اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے دورے پر جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ جنرل عاصم منیر اتوار (10 دسمبر) کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے اور 2 دن برطانیہ میں گزارنے کے بعد منگل (12 دسمبر) کی سہ پہر امریکی دارالحکومت پہنچے تھے۔ برطانیہ میں ان کی مصروفیات کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں کیونکہ بظاہر یہ ایک نجی دورہ تھا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع سے ملاقات ہوئی۔