دہشت گردوں نے بلوچستان کے ہر طبقے کو نشانہ بنایا: نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے ہر طبقے کو نشانہ بنایا، ہم سب نے مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
کوئٹہ میں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے ہزاروی زبان کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بولی جانے والی ایک اور زبان کو قومی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ہزاروی زبان میں نشریات شروع کرنے پر دلی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ اس خطے میں پشتو، بلوچی، ہزاروی اور فارسی زبانیں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں میڈیا صنعت کو فروغ دینا ترجیح ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ہزارہ برادری کے ساتھ ہماری قربتیں پرانی ہیں۔ بلوچستان اور کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ایک پہچان ہے۔ ہزارہ برادری نے بہت قربانیاں دی ہیں اور متعدد لوگ شہید ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا اصل خزانہ یہاں کے لوگ اور تہذیب ہے۔ بلوچستان کی ثقافتیں اسے مضبوط بناتی ہیں۔ بلوچستان میں رہنے والی تمام برادریوں کو یکساں حقوق میسر ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے ہر طبقے کو نشانہ بنایا۔ ہم سب نے مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔