انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز، کاغذات نامزدگی کے اجرا کا اعلان
8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے لیے انتخابی عمل کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ ریٹرننگ افسران نے کاغذات نامزدگی اجرا کے لیے پبلک نوٹس جاری کردیے ہیں۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے کاغذات نامزدگی آج وصول کیے جارہے ہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کےامیدواران کے کاغذات نامزدگی کا اجرا بھی آج سے شروع ہوگیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ بیس تا بائیس دسمبر ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال چوبیس سے تیس دسمبر کو ہوگی۔ اعتراضات تین جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں دس جنوری تک سنی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست گیارہ جنوری دو ہزار چوبیس کو جاری کی جائے گی۔ تیرہ جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کےامیدواران کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن سے سو روپے فیس ادا کر حاصل کرسکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی بیس سے بائیس دسمبر تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس مقررہ وقت پر جمع کروانا لازم ہے۔ سیاسی جماعتیں بائیس دسمبر تک مخصوص نشستوں کی امیدواروں کی ترجیحی لسٹ متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کو فراہم کردیں۔ واضح رہے کہ آج ہی پنجاب کے 42 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران سے حلف لیا۔
ڈی آر اوز کو انتخابی دستاویزات، بیلٹ پیپرز کا ریکارڈ اور نتائج اسکین کرکے سسٹم میں ڈالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جبکہ ریٹرننگ افسر پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد رات 2 بجے تک نتائج دینے کا پابند ہوگا۔
خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 کے انعقاد سے متعلق بے یقینی اس وقت ختم ہوگئی جب سپریم کورٹ نے 15 دسمبر کی رات کو الیکشن کمیشن کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ایگزیکٹیو یعنی سرکاری افسران کے ذریعے الیکشن منعقد کرنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو بحال کرتے ہوئے ان کی تربیت شروع کرنے کے احکامات جاری کیے۔