سلامتی کونسل نے غزہ میں امداد کی ترسیل کے لئے قرار داد منظور کر لی

  • ہفتہ 23 / دسمبر / 2023

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعے کو  ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں غزہ کے انتہائی ضرورت مند شہریوں کےلیے فوری طور پر امداد کی ترسیل تیز کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ البتہ اس میں جنگ فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ شامل نہیں ہے۔

پندرہ رکنی کونسل نے قرار داد  صفر کے مقابلے میں تیرہ ووٹوں سے منظورکی جب کہ امریکہ اور روس نے ووٹ نہیں دیا ۔ ووٹنگ سےقبل امریکہ نے روس کی اس ترمیم کو ویٹو کر دیا تھا جس کے تحت لڑائی میں وقفے کا مطالبہ بحال ہو جاتا ۔ کونسل کے د س ارکان نے اس قرار داد کےحق میں ووٹ دیے امریکہ نے اس کے خلاف اور چار ارکان غیر حاضر رہے۔

قرار داد کے نظر ثانی شدہ متن کو امریکہ، عرب ملکوں اور دیگر کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطح کے سفارت کاروں کے ڈیڑھ ہفتے تک مزاکرات کے بعد منظور کیا گیا۔ امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے جمعرات کو کہا تھا کہ اسرائیل کے قریبی اتحادی امریکہ نے اس قرار داد کی تائید کی ۔

نظر ثانی شدہ متن کو امریکہ کی تائید حاصل ہے جب کہ روس اور دوسرے ملک ابھی تک زیادہ سخت الفاظ پر مبنی اس متن کے حامی ہیں جس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے فوری تعطل کا مطالبہ شامل تھا۔

نیا مسودہ قرار داد ڈیڑھ ہفتے کے ا علیٰ سطحی مزاکرات کے بعد جاری ہوا جس میں امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن شامل تھے ۔ بلنکن نے منگل او ر جمعرات کے دوران مصر، متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ میں سے ہر ایک کے ساتھ تین بار ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب ، اردن ، برطانیہ ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی۔ ابتدائی طور پر ووٹنگ پیر کو ہونا تھی لیکن وہ اس دوران موخر ہوتی رہی۔

امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اس قرار داد کو مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کو عرب گروپ کی بھر پور حمایت حاصل ہے جو غزہ میں انسانی ہمدردی کی امداد کی ترسیل چاہتے ہیں ۔

قراداد میں ایک اہم مطالبہ شامل نہیں کیا گیا جس میں غزہ میں محفوظ اور بلا روک ٹوک امداد پہنچانے کے لیے لڑائی کو فوری طور پر معطل کرنے اور جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے فوری اقدامات کے لیے کہا گیا تھا۔ اس کی بجائے اس نئی قرار داد میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد کو غزہ میں پہنچانے کی فوری اجازت کے لیے ہنگامی اقدامات کے ساتھ ساتھ لڑائی کے مستقل خاتمے کے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔

ان اقدامات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں لیکن سفارت کاروں نے کہا کہ یہ کونسل کی جانب سے جنگ روکنے کا پہلا حوالہ ہو گا۔