حکومت کسی کو سیاسی میدان سے کسی کو بے دخل نہیں کرنا چاہتی: نگراں وزیر اعظم

  • اتوار 24 / دسمبر / 2023

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کسی کو سیاسی میدان سے بے دخل کرنے کی پالیسی حکومت کی نہیں ہے۔ اگر انتخابی عمل سے کسی کو روکا گیا تو تحقیقات کریں گے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کوئی انہونی چیز نہیں تھی۔ ایسی کیا قیامت ٹوٹ پڑی تھی جس کی وجہ سے نو مئی کو پورے ملک میں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔ ’سمجھتا ہوں نو مئی میں ملوث افراد عوامی نمائندہ نہیں ہونا چاہیے اور یہ بھی نہیں سمجھتا کہ پوری تحریک انصاف کو نو مئی سے جوڑا جائے‘۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق شکایات آئیں گی تو اسے دیکھیں گے۔ کسی کو سیاسی میدان سے بے دخل کرنے کی حکومت کی کوئی پالیسی نہیں۔ کسی کو انتخابی عمل سے روکا گیا تو اس کی تحقیقات کریں گے اور الیکشن کمیشن سے بھی اس حوالے سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے دوہزار تیرہ اور دو ہزار اٹھارہ میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور مجھے اس پر کوئی شرمندگی نہیں۔ میں نے ایک زمانے میں پی ٹی آئی کا دفاع کیا۔ پی ٹی آئی حکومت سے امید تھی کہ وہ گورننس اور معیشت کو بہتر کرے گی‘۔