ایبٹ آباد: لکڑی کے مکان میں آتشزدگی، ماں اور 8 بچے جھلس کر جاں بحق

  • اتوار 24 / دسمبر / 2023

ایبٹ آباد کے علاقے قلندر آباد کےگاؤں ترھیڑی میں لکڑی کے مکان میں آگ بھڑک اٹھی جس کے سبب ایک ہی خاندان کے 9 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

ترھیڑی گاؤں میں واقع گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ لگنے سے لکڑی کا مکان دیکھتے ہی دیکھتے راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ آگ سے کچے مکان کا ملبہ ماں اور 8 بچوں پر آگرا جو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ملبے تلے دبے رہے۔ گاؤں کا راستہ دشوار اور پہاڑی ہونے کے وجہ سے پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جیپ اور پیدل سفر کرکے جائے حادثے پر پہنچے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے سے گھر میں موجود ماں، 4 بیٹیاں اور 4 بیٹے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ شوہر ذاکر عباسی روزگار کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہے۔ ایبٹ آباد میں ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی آفیسر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ ماں کی عمر 45 برس جبکہ بچوں کی عمریں 8 سال سے 18 سال کے درمیان تھیں۔ نعشوں کی شناخت ممکن نہیں، جاں بحق افراد کی اجتماعی قبریں بنائی جا رہی ہیں۔