جنگ کی لاحاصل منطق امن کے پیغام کو ڈبو رہی ہے: پوپ

  • سوموار 25 / دسمبر / 2023

پوپ فرانسس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پیغمبر عیسیٰ کے امن کے پیغام کو ان کی پیدائش کی سر زمین پر جنگ کی لاحاصل منطق کے ذریعے غرق کیا جا رہا ہے۔

کرسمس کے موقع پر ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں منعقد اجتماع سے خطاب میں پوپ نے کہا کہ آج رات ہمارے دل بیت لحم میں ہیں جہاں امن کے شہزادے کو ایک بار پھر جنگ کی لاحاصل منطق ہتھیاروں کے تصادم سے مسترد کر دیا گیا ہے۔

پوپ فرانسس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سات اکتوبر کے بعد سے جاری جنگ میں غزہ کے محصور علاقے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا ریا ہے۔ ادھر اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے اتوار کو خبردار کیا ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ آور ہونے والی فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے خلاف جنگ طویل ہو گی۔

کابینہ کے اجلاس میں نیتن یاہو کہا کہ یہ واضح رہے کہ یہ ایک طویل جنگ ہوگی۔جنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حماس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اور اسرائیل کے شمال اور جنوب دونوں جانب سیکیورٹی بحال نہ ہو جائے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جاری رہنے کے ساتھ ساتھ حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 166 سے زائد فلسطینیوں کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد فلسطینیوں کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار 424 ہوگئی ہے۔

پیغمبر عیسیٰ کی جائے پیدائش اتوار کو ایک اجڑے ہوئے شہر کا منظر پیش کر رہی تھی۔ بیت لحم میں کرسمس کی شام کی تقریبات اسرائیل اور حماس کی جنگ کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی تھیں۔

تہوار کی روشنیاں اور کرسمس ٹری جو عام طور پر مینجر اسکوائر کو سجاتے ہیں غائب تھے۔ نہ ہی اس موقع پر غیر ملکی سیاحوں کا کوئی ہجوم تھا جو ہر سال چھٹی کے دوران یہاں جمع ہوتے تھے۔

کرسمس کے موقع پر تحائف کی دکانیں بھی دیر سے بارش تھمنے کے بعد کھلیں۔ تاہم وہاں بہت کم زائرین تھے۔