غزہ: کرسمس کے موقع پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں 70 افراد جاں بحق

  • سوموار 25 / دسمبر / 2023

فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ غزہ پٹی کی بدترین راتوں میں سے ایک رات میں کرسمس کے موقع پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 70 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق آدھی رات سے چند گھنٹے پہلے شروع ہونے والے اسرائیلی حملے کرسمس کے روز تک جاری رہے۔ رہائشیوں اور فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے وسطی غزہ میں البریج کے خلاف فضائی حملے اور زمینی گولہ باری تیز کردی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ وسطی غزہ میں مغازی کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 70 افراد مارے گئے، ان میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مغازی واقعے کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں اور شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ دوسری طرف حماس نے اسرائیل کے اس الزام کی تردید کی ہے کہ وہ گنجان آباد علاقوں میں کام کرتے ہیں یا عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

طبی ماہرین نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں خان یونس میں ایک الگ اسرائیلی فضائی حملے میں 8 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے میں فلسطینی نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ الجزیرہ نے وفا نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ طوباس کے شمال میں واقع قصبے عقبہ میں اسرائیلی فورسز کے تازہ چھاپے کے دوران 17 سالہ نوجوان کی گردن پر گولی لگی تھی۔