بیان بازی اور پروپیگنڈے سے بچا جائے: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرکے قوم کے درمیان ڈراریں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے ہمیں بیان بازی اور پروپیگنڈے کی نفی کرنا ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے کرسمس کی تقریبات میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی کا دورہ کیا اور مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منائی۔ اس موقع پر چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ آرمی چیف نے مذہبی برادری کےلیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں محبت اور دوستی کا سبق سکھاتا ہے۔ اسلام بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرکے دڑاڑیں ڈالنے پر تلے ہیں اور ہمیں مضبوط، پرعزم قوم کے طور پر ابھرنےکے لیے متحد اور یکجان ہونا ہو گا۔ ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈے کی نفی کرنا ہوگی اور قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی ضرورت ہے۔
جنرل عاصم منیر نے متحد و ترقی پسند پاکستان کے لیے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے اور معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زوردیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے قائداعظم کے147 ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 11 اگست1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد اعظم محمد علی جناح کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نےفرمایا تھا کہ آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یاکسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔
آرمی چیف نے تمام شعبوں اورڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی آج کرسمس کا تہوار منا رہے ہیں۔ بیت اللحم میں کرسمس کی تقریبات منسوخ کردی گئیں۔