شاہ محمود قریشی کو 15 روز کیلئے نظر بند کرنے کا حکم
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 15 روز کے لیے نظر بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کو 15 دن کے لیے نظر بند کرنے کا حکم جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے واقعات میں نامزد ملزم ہیں اس کے لیے تفتیش درکار ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس مئی میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پر ’تشدد مظاہروں کو ہوا دینے کے الزام‘ میں 10 مئی کو رات گئے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
18 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پروکلا کے دلائل سننے کے بعد 3 ایم پی او کے تحت ان کی گرفتار کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ بعدازاں 23 مئی کو شاہ محمود قریشی کا رہائی کا حکم دیا گیا تھا تاہم اڈیالہ جیل کے باہر سے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔
20 اگست کو ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران سپریم کورٹ نے اس کیس میں ان کی اور عمران خان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔ تاہم ابھی تک دونوں میں سے کوئی بھی رہا نہیں ہوسکا۔