پاکستان نے حافظ سعید کو بھارت کے حوالے کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا
حکومت پاکستان نے بھارت کی یہ درخواست مسترد کردی ہے کہ ممبئی حملہ کیس میں حافظ سعید کو اس کے حوالے کیا جائے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ملزموں کے تبادلہ کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔
اس سے پہلے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ان کے ملک نے پاکستان سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ حافظ سعید کو 2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں ٹرائل کے لیے بھارت کے حوالے کیا جائے۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق ترجمان ارندم باغچی نے ایک بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے متعلقہ معاون دستاویزات کے ساتھ حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست حکومت پاکستان کو بھیج دی ہے۔
جمعرات کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا تھا کہ یہ سوال قیاس آرائی پر مبنی رپورٹنگ پر مبنی ہے اور ہم قیاس آرائیوں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیں گے۔
حافظ سعید پر امریکا اور بھارت 2008 کے ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگاتے ہیں۔ یہ 2000 کی دہائی سے پاکستان میں ایک معروف شخصیت ہیں۔ ان کی میڈیا میں موجودگی برسوں کے دوران کم ہوئی ہے۔ لیکن گزشتہ دہائی میں حافظ سعید کو ان کی تنظیم لشکر طیبہ اور اس کے فلاحی ونگ جماعت الدعوۃ کے خلاف عالمی دباؤ بڑھنے کی وجہ سے حکومت نے کریک ڈاؤن کیا تھا۔