سینیٹ میں انتخابات کی حمایت میں نئی قرارداد، مسلم لیگ (ن) بروقت انتخاب چاہتی ہے
سینیٹ میں 8 فروری کو انتخابات ملتوی کرنے کی قرار داد منظور ہونے کے ایک ہی روز بعد ایک نئی قرارداد پیش کی گئی ہے جس میں بروقت انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ قرارداد تمام بڑی سیاسی پارٹیوں کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کی حمایت کے بعد پیش ہوئی ہے۔ واضح رہے انتخابات ملتوی کرنے کی قرار داد منظور ہوئی تو ایوان میں صرف 14 ارکان موجود تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے قرارداد کی مخالفت کی تھی۔
اب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینیٹ قررارداد کے آگے پیچھے کوئی بھی ہو، الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سینیٹ میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی حمایت کی۔ پاکستانی عوام کو اب الیکشن کی ضرورت ہےْ۔ ہماری تیاری پوری ہے، بلوچستان کےامیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں، باہر ڈھول پیٹتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے لاہور ہائی کورٹ گئے تاکہ الیکشن رک جائیں، نوازشریف کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک 9 مئی نہیں، 28 مئی والوں کے حوالے ہونے جا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام وہ چہرے پہچانتے ہیں جنہوں نے شہدا کے مجسموں کو توڑا، وہ ان کو جانتے ہیں جن پر ریاست پر حملے کرنے پر آرٹیکل 6 لگنی چاہیے۔ یہ ڈھیل 9 مئی والوں کو تب ملتی ہے جب ان کو عدالت میں پیش کیا گیا تو گڈ ٹو سی یو اور وش یو گڈ لک بولا جاتا ہے۔
میں نے اس وقت بھی یہ کہا تھا کہ یہ وہ مائنڈ سیٹ ہے جو آپ پر بھی چڑھ دوڑے گا۔ کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو بھی سزائیں ہوئی ہیں۔ یہ وہ ہے جو جیب سے سائفر نکال کر کہتا ہے کہ محسن نقوی نے میری حکومت گرائی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کس منہ سے مضمون لکھا؟ انہوں نے لکھا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔ یہ جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کہ امیدواروں کے کاغذات نہیں منظور ہورہے۔ سب مل رہے ہیں الیکشن کی تیاریاں بھی چل رہی ہیں۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی روک دی گئی، تم نے ملک کو ڈیفالٹ کیا، مہنگائی میں اضافہ کیا، تھوڑی سی شرم کرو، خوف خدا کرو۔ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے سے بچایا تو یہ ایسا ہی ہے کہ جیسے کہا جائے کہ 9 مئی کا واقعہ نواز شریف نے کروایا ہے۔