سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان مستعفی ہو گئے
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے خرابی صحت کی بنا پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ سیکریٹری الیکشن نے کسی کے دباؤ پر استعفیٰ نہیں دیا، صحت کی خرابی اُن کے استعفے کی وجہ بنی۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کچھ دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے اور اب گھر میں زیرِ علاج ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ میری صحت کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ کمیشن کے سیکریٹری احسن طریقے سے کام کررہے ہیں۔ تاہم گزشتہ دنوں سے میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں۔ صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکریٹری عمر حمید ایک ذہین اور محنتی افسر ہیں۔ وہ بہت اچھے طریقے سے کمیشن کا کام کررہے ہیں۔ تاہم گزشتہ دنوں سے ان کی صحت خراب تھی۔ وہ اس سے پہلے بھی میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں۔ اب بھی اگر ان کی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔
ترجمان نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے۔ اس کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے۔ حتی کہ تعطیلات میں بھی الیکشن کمیشن اور اس کے دفاتر کام کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے ’خرابی صحت کی بنا پر‘ استعفی دے دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکریٹری الیکشن نے کسی کے دباؤ پر استعفیٰ نہیں دیا، صحت کی خرابی اُن کے استعفے کی وجہ بنی۔