باجوڑ: پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا، 5 اہلکار جاں بحق، 27 زخمی

  • سوموار 08 / جنوری / 2024

باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والی پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 27 افراد زخمی ہوگئے۔

تحصیل ماموند میں پولیس اہلکار پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جا رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو خار ہسپتال منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

میڈیکل ٹیمیں ڈسٹرکٹ اسپتال میں موجود ہیں جبکہ ریسکیو 1122 مہمند اور لوئر دیر کو بھی الرٹ کردیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے بتایا کہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کو ہیلی کاپٹر میں پشاور منتقل کیا جارہا ہے، علاقے میں پولیو مہم معطل کردی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دریں اثنا ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور نے بتایا کہ باجوڑ دھماکے کے 7 زخمیوں کو ایل آر ایچ لایا گیا ہے، 2 زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار ہیں، تمام زخمیوں کو اس وقت ایمرجنسی میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

نگران وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے باجوڑ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔