امریکا کی پاکستان پر ایرانی حملے کی مذمت، چین کی طرف سے ثالثی کی پیشکش

  • جمعرات 18 / جنوری / 2024

امریکا نے ایران کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بدھ کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران نے چند روز کے اندر تین ہمسایہ خودمختار ممالک کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان، شام اور عراق میں ہونے والے حملوں کی امریکا شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے بلوچستان کے علاقے میں میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ پاکستان نے اس حملے کو شرانگیزی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور ایران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔ جبکہ ایران میں موجود ایرانی سفیر کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔

ادھر چین نے کہا کہ وہ حالیہ پیش رفت کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین کو پوری امید ہے کہ دونوں فریق تحمل اور بردباری سے کام لیں گے اور کشیدگی میں اضافے سے بچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دونوں فریق چاہیں تو ہم کشیدگی کو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور ایران کے بیجنگ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور یہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اراکین بھی ہیں۔

ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران اور پاکستان چین کے دوست اور بہت اثر و رسوخ والے ممالک ہیں۔