سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک

  • سوموار 22 / جنوری / 2024

بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ژوب کے علاقے سمبازا سیکٹر میں کیا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد فورسز کےخلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کےلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔